Search
Close this search box.
هفته ,04 جولائی ,2026ء

وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کا دائرہ وسیع، نان بینکنگ کمپنیاں بھی پروگرام میں شامل

اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت عوام کو گھروں کی مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں (NBFCs) کو بھی پروگرام کا حصہ بنانے کی منظوری دے دی ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ شہری اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

حکام کے مطابق اس فیصلے کے بعد ایسے افراد بھی وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے لیے درخواست دے سکیں گے جن کے پاس روایتی بینک اکاؤنٹ موجود نہیں۔ حکومت کا مقصد ہاؤسنگ فنانس کی سہولت کو ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک پہنچانا ہے۔

نئے فریم ورک کے تحت سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے ماتحت نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس اور انویسٹمنٹ فنانس کمپنیاں درخواست گزاروں کو ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کر سکیں گی، جبکہ مائیکروفنانس کمپنیاں مستحق افراد کو 50 لاکھ روپے تک قرض دینے کی مجاز ہوں گی۔

حکومت نے اسکیم کے تحت قرضوں پر نمایاں رعایت بھی برقرار رکھی ہے۔ درخواست گزاروں کو پہلے 10 سال تک صرف 5 فیصد شرح منافع پر قرض فراہم کیا جائے گا تاکہ کم اور متوسط آمدنی والے افراد کے لیے اپنا گھر بنانا آسان ہو سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کا نیٹ ورک ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ ساتھ ملک کے دور افتادہ علاقوں میں بھی موجود ہے، جس کے باعث وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کی رسائی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

مزید بتایا گیا کہ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کے لیے ہاؤسنگ فنانس کا نیا فریم ورک جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت یہ ادارے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے تعاون سے بھی قرض فراہم کر سکیں گے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق اس اقدام سے ہاؤسنگ سیکٹر کو فروغ ملے گا، گھروں کی تعمیر میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور ایسے افراد کو بھی مالی سہولت میسر آئے گی جو پہلے روایتی بینکاری نظام سے مستفید نہیں ہو سکتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں