اسلام آباد(ویب ڈیسک )سابق وفاقی وزیراورپی ٹی آئی کے منحرف رہنما ء فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ 9 مئی کےحوالے سے مزید سختی ہونے جارہی ہے، فیصل واوڈا نے اپنے بیان میںکہاکہ نہ توکوئی ڈیل ہے نہ کوئی ڈھیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے حوالے سے سخت احتساب ہوگا اور اس کیلئے ترمیم کرنی پڑی تو ہوگی،ان کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے حوالے سے مزید سختی ہونے جارہی ہے،
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کور کمانڈرز کانفرنس نے عزم کا اظہار کیاتھا کہ وزیر اعظم پاکستان کے عزم کے مطابق 9 مئی کے منصوبہ سازوں، اشتعال دلانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر قانون اور آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،
اعلامیے میں کہا گیا تھاکہ اس سلسلے میں مسخ شدہ، ابہام اور غلط معلومات پھیلانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بالکل بے سود ہیں جو صرف مذموم سیاسی مفادات کے حصو ل کیلئے منظم مہم کا حصہ ہیں تاکہ 9 مئی کی گھناؤنی سرگرمیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔
