اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خطے میں پرتشدد مظاہروں کے بعد ڈاکٹر سہیل حبیب تاجک کو آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں بجلی کے بلند بل اور آٹے کے نرخوں کے خلاف مظاہرے کئی دن جاری رہے جب کہ تشدد کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی شہید ہو گیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے خطے کے لیے بڑے ریلیف پیکج کے اعلان اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ریلیف کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تاجک کو ہٹانے اور ان کی جگہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں کام کرنے والے BS-20 کے افسر عبدالجبار کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
عبدالجبار کا تبادلہ کر کے ان کی تعیناتی کے لیے آزاد کشمیر حکومت کے اختیار میں رکھا گیا ہے۔




