Search
Close this search box.
منگل ,14 جولائی ,2026ء

پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 71 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے

پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 71 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے، وہ 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی میں جلسے کے بعد ایک خودکش حملے میں شہید ہو گئی تھیں۔صرف دو مرتبہ وزیراعظم نہیں بے نظیر بھٹو عالمی اور ملکی سیاست میں اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کی طرح ایک منفرد اور نمایاں مقام رکھنے والی شخصیت تھیں۔

وہ 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، ریڈ کلف کالج اور ہارورڈ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی سے سیاسیات، اقتصادیات اور فلسفے میں ڈگریاں حاصل کیں۔انہیں سیاسی سفر کے آغاز ہی میں نہایت مشکل اور تکلیف دہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ اُلٹنے اور مارشل لاء کے نفاذ کے بعد ملک میں رہنا ممکن نہ رہا تو بھٹو کی بہادر بیٹی نے بیرون ملک رہ کر جمہوری جدوجہد جاری رکھی، اپريل 1986 میں وطن واپس آئیں تو ان کا بے مثال استقبال کیا گیا۔

1988 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کے بعد بے نظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں، مگر صرف اٹھارہ ماہ بعد ان کی حکومت ختم کردی گئی۔نومبر 1993 میں دوسری بار وزيراعظم منتخب ہوئيں ليکن 1996 میں پیپلز پارٹی کے ہی نامزد صدر نے حکومت کا خاتمہ کردیا۔

مبینہ انتقامی کارروائیوں کے بعد بے نظیر بھٹو نے جلا وطنی اختیار کی، پھر 2007 میں انہوں نے پاکستان واپسی کا اعلان کیا اور جان کا خطرہ ہونے کے باوجود 18 اکتوبر 2007 کو کراچی پہنچیں۔27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کے بعد ان پر جان لیوا حملہ ہوا جس میں عالمی و علاقائی سیاست میں نمایاں مقام رکھنے والی محبوب لیڈر عوام سے ہمیشہ کیلئے جدا ہوگئیں۔

 مزید پڑھیں:  بلوچستان کا 850 ارب روپے کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا،دیکھیں تفصیل

یہ بھی پڑھیں