Search
Close this search box.
هفته ,27 جون ,2026ء

عمران خان تک رسائی نہ ملنے پر خدیجہ شاہ نے چیف جسٹس کو خط ارسال کردیا

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جیل میں اصلاحات کے لیے تشکیل دی گئی ذیلی کمیٹی کو عمران خان تک رسائی نہ مل سکی، جس پر کمیٹی کی اہم رکن خدیجہ شاہ نے چیف جسٹس کو خط ارسال کردیا۔

خدیجہ شاہ کی جانب سے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جیل اصلاحاتی کی ذیلی کمیٹی نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل راولپنڈی کے دورہ کیا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور عملہ دورے کے دوران ہمارے ساتھ موجود رہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران ہمارے مشاہدہ میں آیا کہ ہماری آمد کے پیش نظر جیل میں صفائی کا خاص خیال رکھا گیا، ہم نے جیل کے ہسپتال، خواتین کی بیرک، دماغی صحت کے مسائل اور منشیات کے استعمال کے قیدیوں کی بیرکس کا بھی دورہ کیا۔

متن میں درج ہے کہ اس کے علاوہ ہم نے سزائے موت کے قیدیوں سے بھی ملاقات کی، جیل اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کا مقصد قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور قیدیوں کے حقوق کے لیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیار کی جانچ پرکھ کرنا ہے، جو کہ قیدیوں کے لیے بین الاقوامی معیار منڈیلا رولز اور بنکاک رپورٹ میں طے کر دیے گئے ہیں۔

خط میں لکھا گیا کہ اڈیالہ ان جیلوں میں سے ایک ہے جس میں گزشتہ 2 سالوں میں بہت سے سیاسی قیدی رکھے گئے ہیں، ان میں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔متن میں کہا گیا کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں ان کی رائے حاصل کرنا ضروری تھا، جیل اصلاحاتی میٹنگز میں جیل انتظامیہ اور سرکاری افسران کو واضح طور پر ہدایت کی تھی کہ ذیلی کمیٹی کو جیل کے تمام حصوں اور تمام قیدیوں تک مکمل رسائی دی جائے گی۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی یہ بھی ہدایت تھی کہ ہمیں جیل کے عملے کی نگرانی اور نگرانی کے بغیر آزادانہ گھومنے کی اجازت تھی، جیل انتظامیہ سے ہم نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بیرکس میں جانے کی درخواست کی تو ہمیں رسائی دینے سے انکار کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں