کرم(نیوز ڈیسک)ایک طرف ضلع کرم کی صورت حال پر گرینڈ جرگہ کسی حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا اور معاہدے کا اب بھی انتظار ہے، تو دوسری جانب کرم کی صورتحال پر کراچی میں 12 مقامات پر دھرنے جاری ہیں، سڑکیں بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، لوگوں کا دفاتر آنا اور واپس گھر جانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
کراچی میں ملیر 15 نیشنل ہائی وے پر ایک بار پھر دھرنا دے دیا گیا، مسلسل چوتھے روز دھرنوں سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، احتجاجی دھرنے نمائش، شاہراہ فیصل ناتھا خان، گولیمار اور انچولی پر جاری ہیں۔
اسی طرح نارتھ کراچی پاورہاؤس چورنگی، یونیورسٹی روڈ، ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن، فائیو اسٹار چورنگی سرجانی کے ڈی اے فلیٹس، عائشہ منزل ، گلستان جوہر کامران چورنگی پر بھی دھرنے جاری ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے، شہر بھر میں ٹریفک کو متبادل روٹ سے گزارا جارہا ہے۔
کراچی میں دھرنے کے باعث ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی کے دونوں ٹریک بند ہیں، ٹریفک کو پیپلز چورنگی، گرو مندر سے سولجر بازار کی طرف موڑا جارہا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سوسائٹی سگنل سے کوریڈور تھری، بریٹو روڈ سے سولجر بازار اور گرو مندر کی طرف ڈائیورشن دی گئی ہے۔
ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن کے سامنے دونوں سڑکیں بند ہیں اور ٹریفک کو پیراڈائز بیکری سے فاریہ چوک کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔
نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر بھی دھرنے کے باعث سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی جاری ہے۔
شاہراہ فیصل کالا چھپرا ملیر روڈ پر دھرنے کے باعث ٹریفک کو کارساز، ڈرگ روڈ، ملینیئم، جوہر چورنگی کی جانب پہلوان گوٹھ سے ایئرپورٹ کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملیر، کورنگی انڈسٹریل ایریا، کلفٹن، ڈیفنس سے ائیرپورٹ جانے والے افراد سنگر چورنگی سے شاہ فیصل کالونی روڈ استعمال کرسکتے ہیں، شمع شاپنگ سینٹر شاہ فیصل کالونی پُل سے ائیرپورٹ کا راستہ بھی کھلا ہے۔
نیشنل ہائی وے ملیر 15 پُل کے دونوں ٹریک بند تھے جنہیں کھول دیا گیا، قبل ازیں ٹریفک کو ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی کی طرف موڑا دیا گیا، منزل پمپ سے یونس چورنگی اور داؤد چورنگی سے انڈسٹریل ایریا کی طرف راستہ کھلا تھا۔
انچولی سے سہراب گوٹھ جانے والا ٹریک بھی دھرنے کے باعث بند ہے، جہاں سے ٹریفک کو واٹر پمپ چورنگی سے کارڈیو اسپتال اور گلبرگ چورنگی کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
کامران چورنگی ٹریفک کے لیے بند ہے، جہاں سے متبادل راستہ موسمیات سے یونیورسٹی روڈ اور منور چورنگی ہے۔
ناظم آباد چورنگی کے دونوں ٹریک پر دھرنا ہے اور ٹریفک کو لسبیلہ سے تین ہٹی کی طرف موڑا جارہا ہے۔
مین نیشنل ہائی وے ٹاؤن شپ کے اطراف سڑکیں بند ہونے سے متبادل راستہ ٹھٹھہ والی لنک روڈ اور پورٹ قاسم دیا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں:وزیر خزانہ نے بجلی سستی ہونے کی خوشخبری سنا دی


