اسلام آباد – اپیلٹ ٹربیونل نے وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر اپیل خارج کرتے ہوئے کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (CCP) کا فیصلہ برقرار رکھا ہے، جس میں ایسوسی ایشن کو گھی و کوکنگ آئل کی قیمتوں کے غیرقانونی تعین میں ملوث قرار دیا گیا تھا۔
کمپٹیشن کمیشن کے مطابق وناسپتی ایسوسی ایشن نے باہمی ملی بھگت سے قیمتوں میں اضافہ کیا، اور 2011 میں قیمتوں کو فکس کرنے کے جرم میں ایسوسی ایشن پر 5 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گھی اور کوکنگ آئل کی متعدد ملز قیمتوں کے تعین کے لیے ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتی رہیں۔ عالمی منڈی میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے پر مقامی مارکیٹ میں فوری اضافہ کر دیا جاتا، مگر کمی کی صورت میں صارفین کو کوئی ریلیف نہ دیا گیا۔
وناسپتی ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کر رکھا تھا، جو اب خارج کر دیا گیا ہے۔ کمیشن کے مطابق، اس اقدام سے مارکیٹ میں مصنوعی مہنگائی کا سلسلہ چلتا رہا، جو مسابقتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹربیونل کا یہ فیصلہ مسابقت کو فروغ دینے اور صارفین کے مفاد کے تحفظ کی سمت ایک اہم قدم ہے۔



