اسلام آباد(ویب ڈیسک ) امریکا کی جانب سے خضدار میں اسکول بس پر حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
امریکی سفیر نٹالی بیکر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر حملہ بے رحمانہ ہے، سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ دہشتگردانہ حملے میں معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
نٹالی بیکر کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
امریکی سفیر نٹالی بیکر کا مزید کہنا تھا کہ کسی بچے کو اسکول جاتے ہوئے خوف کا شکار نہیں ہونا چاہیے، ہم پاکستان میں اُن لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اس تشدد کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید ہو گئے۔شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں، حملے میں متعدد بچے بھی زخمی ہیں جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے پس پردہ بھارت کا گھناؤنا اور مسخ شدہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے جیسی بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔
مزیدپڑھیں:ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی اہلیہ کی تصویر سامنے آ گئی
