اسلام آباد – پاکستان میں سائبر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سوشل میڈیا صارفین کو فوری طور پر اپنے اکاؤنٹس کے پاس ورڈز تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں ممکنہ سائبر حملوں اور ڈیٹا چوری کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق، پاکستانی شہریوں اور اداروں کو سائبر سیکیورٹی کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے کیونکہ حالیہ رپورٹس میں آن لائن پلیٹ فارمز پر غیر معمولی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
ایڈوائزری میں درج اہم ہدایات درج ذیل ہیں:
اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے پاس ورڈ فوری طور پر تبدیل کریں۔
اینٹی وائرس اور دیگر سیکیورٹی سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ رکھیں۔
اکاؤنٹس پر ہونے والی غیر معمولی لاگ ان سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔
حکومتی اور حساس اداروں کے ڈیجیٹل نظام بھی ممکنہ خطرے میں ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سائبر حملے نہ صرف انفرادی صارفین بلکہ سرکاری اداروں کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتے ہیں، جن کے ذریعے حساس معلومات چوری یا متاثر ہو سکتی ہیں۔
حکام نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوہری توثیق (Two-Factor Authentication) جیسی جدید حفاظتی تدابیر اپنائیں اور کسی بھی مشکوک پیغام، ای میل یا لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں۔




