تربت(نیوز ڈیسک)اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی کو بدھ کی صبح نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔ واقعہ لیویز ذرائع کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب وہ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے کوئٹہ روانہ ہو رہے تھے۔
لیویز کنٹرول تربت کے مطابق قریباً 10 سے 12 مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کو تربت سے کوئٹہ جاتے ہوئے راستے میں تمپ کے علاقے سرینکن سے زبردستی اغوا کیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اغوا کی واردات انتہائی منظم تھی اور اس میں جدید اسلحے سے لیس افراد ملوث تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور سیکیورٹی ادارے مسلسل رابطے میں ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ اعلیٰ حکام نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
مزید پڑھیں: دنیا کی سب سے طاقتور برین چپ نے انسانی آزمائش میں کامیابی حاصل کر لی




