اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی نے پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1981 میں پیپلز پارٹی سے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا، پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم ہونے کے بعد احتجاج نہیں کیا، فیصلے کو عزت سے قبول کیا،نواز شریف کے دل میں پاکستان، عوام اور اداروں کے لیے درد ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر مقام اور مرتضیٰ جاوید عباسی کی قیادت دیکھ کر ن لیگ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
بہرہ مند تنگی نے کہا کہ ن لیگ میں شمولیت کسی عہدے، مطالبے یا سیٹ کے لیے نہیں کی،مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو ملک و قوم کے مفاد کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ڈیڑھ سال غور و فکر کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا،اب ن لیگ کے پلیٹ فارم سے خیبرپختونخوا کی عوام کی خدمت کروں گا۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور امیر مقام کی قیادت پر مکمل اعتمادہے،ن لیگ میں شمولیت ضمیر کی آواز پر کی، کوئی ذاتی مفاد نہیں،پارٹی ورکر کی حیثیت سے ن لیگ کے لیے زندگی کے آخری لمحے تک کام کروں گا۔
بہرہ مند تنگی نے امیر مقام، مرتضیٰ جاوید اور دیگر رہنماؤں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ سیاست عوامی خدمت کا ذریعہ ہے، ن لیگ سے وابستگی باعثِ فخر ہے، چار سدہ کی عوام اور ن لیگی کارکنان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت نے جس عزت سے خوش آمدید کہا، ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔
مزیدپڑھیں:بڑی خوشخبری! فری ای بائیک اسکیم شروع، رجسٹریشن ابھی اپلائی کریں



