لاہور(نیوز ڈیسک) ملک بھر میں حالیہ سیلاب سے لاکھوں خاندان متاثر ہوئے ہیں، ایسے نازک موقع پر قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان ہمیشہ کی طرح خدمتِ انسانیت کے مشن کے ساتھ میدانِ عمل میں پیش پیش ہے۔
تنظیم کے سربراہ علامہ حافظ ابتسام الہٰی ظہیر نے اپنے کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ وہ فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر متاثرین کی خدمت کریں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ ان کی قیادت میں جماعت ماضی کی طرح اس بار بھی انسانیت کی خدمت کو اپنا اولین مقصد قرار دے رہی ہے۔


قائد پنجاب ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن زاہد کی خصوصی ہدایات پر، قرآن و سنہ موومنٹ کے نوجوان کارکنان دن رات متاثرین کے درمیان موجود ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں پکے پکائے کھانے، پھل، کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی جا رہی ہیں۔




مزید یہ کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے 20 خیمہ بستیاں قائم کی گئی ہیں جہاں متاثرین کو عارضی پناہ فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر پروفیسر حافظ محمد کوثر زمان (ناظم دعوت و تبلیغ پنجاب)، ملک سلیم، شیخ عثمان غفور اور دیگر ذمہ داران، الحکمہ انٹرنیشنل کے طلبہ کے ہمراہ براہِ راست امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔
واضح رہے کہ قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان ماضی میں بھی ہر قومی بحران کے موقع پر سب سے پہلے خدمت کے میدان میں نظر آئی ہے۔ تنظیم کا پیغام واضح ہے: پرامن خدمت، فرقہ واریت سے پاک جذبہ، مظلوموں کا سہارا اور انسانیت کی سب سے بڑی آواز۔

