لاہور(نیوز ڈیسک) دریائے راوی سے نکلنے والی نہر پر فلوٹنگ ریسٹورنٹ کا منصوبہ رواں سال مکمل ہونے کی توقع ہے ، جہاں بہترین کھانوں کے علاوہ پارکنگ سمیت تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پہلے فلوٹنگ ریسٹورنٹ کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے، نہر پر قائم کیے جانے والے اس منفرد فلوٹنگ ریسٹورنٹ کا منصوبہ رواں سال مکمل کر لیا جائے گا، جہاں ایک وقت میں دو سو سے زائد افراد کھانا کھا سکیں گے۔
دریائے راوی سے نکلنے والی نہر پر جلو پارک کے قریب فلوٹنگ ریسٹورنٹ کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔
اس ریسٹورنٹ میں معیاری اور متنوع کھانوں کے ساتھ ساتھ پارکنگ سمیت دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
پروجیکٹ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ تین منزلہ ہوگا، جس کے لیے نہر کو گہرا کرنے کا کام جاری ہے اور اس مقصد کے لیے نہر سے ریت نکالی جا رہی ہے، منصوبے پر کام دن رات جاری ہے تاکہ مقررہ مدت میں اسے مکمل کیا جا سکے۔
منیجنگ ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ لاہور کے شہریوں کے لیے تفریح اور سیاحت کا ایک نیا مرکز ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ عوام کو ایک منفرد تجربہ بھی فراہم کرے گا۔
منصوبہ ساز اس بات کے لیے پُرامید ہیں کہ شہری اس فلوٹنگ ریسٹورنٹ کو بھرپور انداز میں پسند کریں گے اور یہ لاہور کی پہچان بنے گا۔
مزیدپڑھیں:گھی اور تیل کی قیمتوں میں مزیداضافہ کردیا گیا



