لاہور(نیوز ڈیسک)سنسر ریہرسل پینل کی جانب سے لباس نامناسب قرار دئیے جانے پر اداکارہ خوشبو نے احتجاجاً سٹیج پر اپنے کپڑے پھاڑ دئیے۔ واقعہ محفل تھیٹر میں ڈرامہ ’’بسنت مناؤ جشن مناؤ‘‘ کی فل ڈریس ریہرسل کے دوران پیش آیا، جس پر سنسر پینل نے رپورٹ مرتب کر کے ضلعی انتظامیہ کو ارسال کر دی۔
رپورٹ کے مطابق ریہرسل کے دوران اداکارہ کا لباس نامناسب قرار دیا گیا، جس پر انہوں نے سنسر ریہرسل پینل کے ساتھ بدتمیزی کی اور احتجاجاً لباس پھاڑ کر سٹیج پر پھینک دیا، جس کے بعد وہ وہاں سے چلی گئیں۔
سنسر ریہرسل پینل کی جانب سے اداکارہ کے نامناسب اور غیر پیشہ ورانہ رویے پر مبنی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو جمع کرا دی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ خوشبو اس سے قبل بھی سنسر ریہرسل پینل کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کر چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق 5 فروری کو ہونے والی سنسر ریہرسل کے دوران غیر اخلاقی رویے کی نشاندہی کی گئی، جسے پیشہ ورانہ ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
سنسر پینل کی رپورٹ پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اداکارہ خوشبو کو وارننگ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:پی ایس ایل 11: پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ کا اعلان




