پنجاب حکومت نے کاروباری طبقے کیلئے اہم ریلیف دیتے ہوئے صوبے بھر میں دکانیں اور مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی پابندی عارضی طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نئے فیصلے کے بعد مارکیٹ اوقات کار میں نرمی کرتے ہوئے تاجروں کو یکم جون 2026 تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق یہ فیصلہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور تاجروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق پنجاب بھر کی دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر ہوگا۔
قبل ازیں حکومت کی جانب سے توانائی بچت پالیسی کے تحت کاروباری مراکز رات 8 بجے بند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی، تاہم تاجروں اور مختلف کاروباری تنظیموں کی جانب سے اس پابندی پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
اب پنجاب حکومت نے مارکیٹ اوقات کار میں عارضی نرمی کرتے ہوئے کاروباری طبقے کو مزید وقت تک تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ رعایت یکم جون 2026 تک مؤثر رہے گی، جس کے بعد صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
کاروباری حلقوں نے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے مارکیٹوں میں خریداروں کی آمد بڑھے گی اور تاجروں کو معاشی ریلیف ملے گا۔

