Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے مزید 3 سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ کرلیں

آزاد کشمیر سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ

آزاد کشمیر سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ کرنے کے عمل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے مزید تین سیاسی جماعتوں کو باضابطہ طور پر رجسٹرڈ کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ معزز عدالت العالیہ آزاد کشمیر کے فیصلے اور آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کے تحت کیا گیا۔ کمیشن نے جماعتوں کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد رجسٹریشن کی منظوری دی۔

رجسٹرڈ ہونے والی سیاسی جماعتوں میں قومی اتحاد پارٹی آزاد جموں و کشمیر، پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) آزاد جموں و کشمیر اور جموں و کشمیر عوامی دست و بازو شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے لیے پہلے 30 مئی 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم مزید جماعتوں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کا موقع دینے کے لیے اس مدت میں 10 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اب سیاسی جماعتیں 10 جون 2026 تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گی۔

پریس ریلیز میں واضح کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبریں کہ 33 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی ہے، بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ نہیں کی بلکہ عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں سابقہ رجسٹریشن ختم ہوئی تھی جبکہ نیا عمل جاری ہے۔

الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام قانونی تقاضے بروقت مکمل کیے جائیں گے تاکہ انتخابی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں