Search
Close this search box.
جمعه ,12 جون ,2026ء

حکومت کا بڑا ہدف، آئندہ مالی سال میں 20 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا اعلان

اسلام آباد: (رضوان عباسی )وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران 20 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق یہ روزگار کے مواقع ملک میں سرمایہ کاری، صنعتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کی رفتار میں اضافے کے نتیجے میں پیدا ہوں گے۔

حکومتی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران سب سے زیادہ روزگار کے مواقع خدمات کے شعبے میں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اس شعبے میں تقریباً 11 لاکھ نئی ملازمتیں سامنے آ سکتی ہیں، جن میں تجارت، مواصلات، بینکاری، مالیاتی خدمات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر سروس سیکٹر شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق صنعتی شعبہ بھی روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، جہاں تقریباً 5 لاکھ افراد کے لیے نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح زرعی شعبے میں بھی 4 لاکھ افراد کو روزگار ملنے کی توقع ہے، جس سے دیہی معیشت کو مزید استحکام حاصل ہو سکتا ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ معاشی سرگرمیوں میں بہتری اور سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان کے باعث 20 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف بے روزگاری کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع بھی میسر ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق اگر حکومتی منصوبے کامیابی سے نافذ کیے گئے تو خدمات، صنعت اور زراعت کے شعبوں میں روزگار کی فراہمی سے ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا اور پائیدار معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں