مظفرآباد: حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستگی رکھنے، اس کی معاونت کرنے اور سوشل میڈیا پر اس کی سرگرمیوں یا نظریات کی تشہیر کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کالعدم تنظیموں کی حمایت، اشتعال انگیز مواد کی اشاعت اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت آمیز مہمات کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر جو عوامی امن و امان کو متاثر کرنے یا قانون شکنی کی حوصلہ افزائی کرنے میں ملوث پائے گئے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے متعلق گردش کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، گروپس اور مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس عمل کا مقصد ایسے مواد کی نشاندہی کرنا ہے جو قانون کی خلاف ورزی یا کالعدم تنظیم کی تشہیر کے زمرے میں آتا ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملکی قوانین کے تحت کسی بھی کالعدم تنظیم کی حمایت، فنڈنگ، تشہیر یا اس کے نظریات کو فروغ دینا قابلِ سزا جرم ہے۔ شواہد کی بنیاد پر مقدمات درج کیے جائیں گے اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بیرون ملک مقیم افراد کی جانب سے بھی اگر سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیم کی حمایت یا تشہیر کی گئی تو متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں، اشتعال انگیز مواد اور کالعدم تنظیموں سے متعلق پروپیگنڈے سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔ حکام کے مطابق امن عامہ، ریاستی استحکام اور عوامی سلامتی کے تحفظ کے لیے قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔



