Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

آزاد کشمیر کیلئے 146 ارب روپے کا بڑا ترقیاتی پیکج منظور

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں آزاد کشمیر ترقیاتی پیکج کی منظوری دیتے ہوئے خطے کے لیے 146 ارب روپے کی مالی معاونت مختص کر دی ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق یہ رقم ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مختلف شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر خرچ کی جائے گی۔

دستاویزات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے پی ایس ڈی پی کے تحت 33 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم کے خصوصی ترقیاتی پیکج کے لیے 5 ارب روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 49 ارب 26 کروڑ روپے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور خصوصی پروگراموں کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔

آزاد کشمیر ترقیاتی پیکج میں تعلیم، صحت، توانائی، سڑکوں کی تعمیر اور شہری سہولیات کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ تعلیمی شعبے میں باغ، بھمبر، نیلم اور حویلی کہوٹہ میں دانش سکولوں کے قیام کے لیے 3 ارب 78 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔

توانائی کے شعبے میں 48 میگاواٹ جگراں ٹو ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے ایک ارب 14 کروڑ روپے سے زائد جبکہ نیلم میں دواریاں ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے تقریباً 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کی بہتری کے لیے ایک ارب روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔

صحت کے شعبے میں میرپور میڈیکل کالج کے لیے 43 کروڑ روپے جبکہ مظفرآباد کے میرواعظ محمد فاروق شہید میڈیکل کالج کے لیے 15 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔ ضلعی اور تدریسی ہسپتالوں میں سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینوں کی فراہمی کے لیے 94 کروڑ 40 لاکھ روپے بھی رکھے گئے ہیں۔

بجٹ میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس، رتھوعہ ہریام پل، نوشیری لیسوا بائی پاس روڈ، میرپور واٹر سپلائی و سیوریج اسکیم اور لائن آف کنٹرول متاثرین بحالی منصوبے سمیت متعدد اہم منصوبوں کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

حکومتی حکام کے مطابق اس پیکج سے ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔

یہ بھی پڑھیں