Search
Close this search box.
هفته ,13 جون ,2026ء

بجٹ 2026-27 معیشت کی بحالی کا روڈ میپ ہے، ایس ایم تنویر

لاہور: معروف صنعتکار اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے بجٹ 2026-27 کو معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک مثبت اور متوازن بجٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بجٹ میں دی گئی مراعات معیشت کی بحالی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

اپنے بیان میں ایس ایم تنویر نے برآمد کنندگان کے لیے سپر ٹیکس کے خاتمے، رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکسوں میں نمایاں کمی، دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس نظام کے نفاذ اور تنخواہ دار طبقے کو دیے گئے ٹیکس ریلیف کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری طویل عرصے سے ٹیکسوں میں کمی اور کاروبار دوست پالیسیوں کا مطالبہ کر رہی تھی تاکہ ملکی معیشت کو استحکام کے مرحلے سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ ان کے مطابق حالیہ بجٹ میں ایسے اقدامات شامل کیے گئے ہیں جو سرمایہ کاری، تجارتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔

ایس ایم تنویر نے دفاعی بجٹ میں اضافے کو بھی خوش آئند قرار دیا اور ملکی سلامتی کے لیے مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں قومی سطح پر ہونے والی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے متعلق ریلیف پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ تقریباً 80 سے زائد وابستہ صنعتوں کو متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق اگر رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرگرمیاں بڑھتی ہیں تو اس کے مثبت اثرات تعمیرات، سیمنٹ، اسٹیل، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں پر بھی مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک طرف برآمدات میں اضافہ ضروری ہے جبکہ دوسری جانب اندرون ملک تجارتی سرگرمیوں کی بحالی بھی ناگزیر ہے۔ حکومت نے دونوں محاذوں پر متوازن حکمت عملی اختیار کرنے کی کوشش کی ہے۔

ایس ایم تنویر نے وزیراعظم، وزیر خزانہ اور معاشی ٹیم کو بجٹ 2026-27 پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ بجٹ معاشی استحکام، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں