کراچی (نیوزڈیسک) پیپلز پارٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی پابندی کے فیصلے کو غریب عوام سے زیادتی اور پارلیمانی وعدہ خلافی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ غریب عوام کے ساتھ ناانصافی اور پارلیمانی وعدے کی خلاف ورزی ہے۔ سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نہ صرف یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے بلکہ ان کا معاشی قتل کسی بھی صورت قبول نہیں کرے گی۔
مزیدبرآں یہ موقف انہوں نے آل پاکستان ورکرز الائنس کے سیکرٹری جنرل سید عارف حسین شاہ اور ان کے وفد سے ملاقات کے دوران اختیار کیا۔ ملاقات میں سید عارف حسین شاہ نے یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش اور اس سے ملازمین اور عوام کو پیش خطرات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔
سید خورشید شاہ نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر پابندی براہِ راست غریب عوام کے روزمرہ ضروریات تک سستی رسائی کو ختم کر دے گی جو کسی بھی طور قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے تاہم وزیر خزانہ کی وطن واپسی پر حکومتی کمیٹی کے ساتھ اس معاملے پر مزید بحث ہوگی۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ فوری طور واپس لیا جائے تاکہ نہ صرف ملازمین کے روزگار کا تحفظ ہو بلکہ غریب عوام کے لیے سستی اشیاء کی فراہمی بھی جاری رہ سکے۔
مزید پڑھیں:معروف گلوکارہ آئمہ بیگ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

