کیپ ٹائون(نیوز ڈیسک)پاکستان نے جنوبی افریقا کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے کر 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔جنوبی افریقہ کے دارالحکومت کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، پہلے میچ میں آرام کرنے والے باووما کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ون ڈے میچ اور سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کردی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جنوبی افریقا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا۔محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کرکے سیریز اپنے نام کی، محمد رضوان، بابراعظم اور کامران غلام نے عمدہ بلے بازی کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی شاندار کارکردگی دکھائے گیقومی ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی، پاکستان کی جانب سے کپتان محمد رضوان 80 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔تاہم عبداللہ شفیق مسلسل دوسرے میچ میں ناکام رہے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد صائم ایوب اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ پر 48 رنز کی شراکت داری قائم کی، گزشتہ میچ میں سینچری اسکور کرنے والے صائم ایوب 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے اکیسویں صدی میں جنوبی افریقہ میں 3 مرتبہ ایک روزہ سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کر لیا۔قومی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا، پاکستان کو اب تینوں میچوں کی سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔پاکستانی ٹیم نے اس سے قبل جنوبی افریقہ کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 2013ء اور 2021ء میں ایک روزہ میچز کی سیریز میں شکست دی تھی۔اس طرح 2024 میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو سیریز ہرا کر اکیسویں صدی میں تین بار سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔جنوبی افریقہ میں پاکستان تین یا تین سے زیادہ بار ایک روزہ سیریز جیتنے والی دوسری ٹیم ہے۔
شاہین آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف وسیم اکرم کا 48 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔آفریدی نے یہ سنگ میل 27 اننگز میں حاصل کیا، شاہین آفریدی نے جنوبی افریقہ کے خلاف پچاس وکٹیں حاصل کرکے وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا۔جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے 25 اننگز میں 45 وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں، فاسٹ باؤلر نے پہلے میچ میں ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دوسرے ایک روزہ میچ میں انہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ دیا۔
53 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان اور بابر اعظم نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں نے پر اعتماد بیٹنگ کی اور نصف سینچریاں اسکور کی، بابر اعظم نے کریئر کی 33 ویں اور محمد رضوان نے 14ویں ففٹی اسکور کی۔بابر اعظم 73 رنز اور محمد رضوان 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دونوں نے ملکر ٹیم کے اسکور کو 200 رنز کے قریب پہنچایا، اس کے بعد آغا سلمان اور کامران غلام نے بھی جارحانہ بلے بازی کی، آغا سلمان 30 اور کامران غلام 32 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔پروٹیز کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ باؤلر کیوین مافاکا نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مارکو جانسن 3 وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے۔جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے 330 رنز کے ہدف کے جواب میں 248 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، تین سو تیس رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے ہینرچ کلاسن نے 97 بنا کر کچھ مزاحمت کی۔ان کے علاوہ کوئی بیٹر نمایاں کھیل نہ دکھا سکا اور پوری پروٹیز ٹیم 248 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اس طرح یہ میچ پاکستان نے 81 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
اس فتح کے ساتھ 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کو 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی، محمد رضوان نے کپتان بننے کے بعد مسلسل تیسری ون ڈے سیریز اپنے نام کی۔پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے 4 پروٹیز بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، نسیم شاہ نے 3 اور ابرار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔32 گیندوں پر 63 رنز بنانے والے پاکستان کے کامران غلام کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔آج کے میچ کے لیے گرین شرٹس نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی اور وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھا تھا جب کہ جنوبی افریقہ نے چار تبدیلیاں کیں، میزبان ٹیم کی جانب سے کیوین مافاکا نے ون ڈے کرکٹ میں اپنا (ڈیبیو) پہلا میچ کھیلا۔



