Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

ذکیہ احمد نے تاریخ رقم کردی، ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی افغان خاتون

ماؤنٹ ایورسٹ

افغانستان سے تعلق رکھنے والی ذکیہ ریور احمد نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی افغانستان کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذکیہ احمد نے آج صبح 7 بج کر 20 منٹ پر 8848 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر کامیابی سے قدم رکھا۔ ان کی اس کامیابی کو دنیا بھر میں افغان خواتین کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذکیہ احمد کا تعلق افغانستان کے صوبے غزنی سے ہے۔ وہ کچھ عرصہ قبل افغانستان کی بدلتی صورتحال کے باعث آسٹریلیا منتقل ہوگئی تھیں جہاں انہیں پناہ ملی۔ انہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے لیے اجازت نامہ بھی آسٹریلوی دستاویزات کی بنیاد پر حاصل کیا۔

ذکیہ احمد کی کامیابی سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دی جا رہی ہے۔ کئی صارفین نے ان کی کامیابی کو افغان خواتین کے حوصلے اور عزم کی علامت قرار دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی کوہ پیما سلمان عتیق نے بھی آج ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سلمان عتیق صبح 11 بج کر 49 منٹ پر چوٹی پر پہنچے اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے 14 ویں پاکستانی بن گئے۔

ماہرین کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا دنیا کے مشکل ترین کارناموں میں شمار ہوتا ہے جہاں شدید سردی، کم آکسیجن اور خطرناک راستے کوہ پیماؤں کے لیے بڑا چیلنج بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں