امریکی خلائی ادارے ناسا کی ایک معمولی مگر دلچسپ غلطی ایک 8 سالہ پاکستانی نژاد بچے نے پکڑ لی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس بچے کی ذہانت اور مشاہدے کی خوب تعریف کی جا رہی ہے۔ ناسا کی غلطی کی نشاندہی کے بعد خود ادارے نے بھی بچے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فوری طور پر اپنی پوسٹ درست کر دی۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ناسا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سیارہ مشتری سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی۔ پوسٹ میں “Explore Jupiter” لکھنے کے بجائے غلطی سے “Expor Jupiter” تحریر ہوگیا تھا۔ لفظ “Explore” میں حرف “L” غائب تھا، جسے کم عمر پاکستانی بچے نے فوراً نوٹ کرلیا۔
بچے کے والد مسرت علی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر مزاحیہ انداز میں ناسا کو اس غلطی سے آگاہ کیا اور اسے “اہم مشن اپڈیٹ” قرار دیا۔ ناسا نے بھی خوشگوار انداز اپناتے ہوئے جواب دیا کہ “نشاندہی کا شکریہ، ہم فوری طور پر گمشدہ حرف واپس لا رہے ہیں۔”
بچے کے والد کے مطابق ان کا بیٹا خلا، سیاروں، راکٹس اور خلائی مشنز میں غیر معمولی دلچسپی رکھتا ہے اور مستقبل میں خلاباز بننے کا خواب دیکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ناسا کی جانب سے موصول ہونے والے جواب نے بچے کی خوشی کو مزید بڑھا دیا اور اب وہ یہ دلچسپ واقعہ اپنے دوستوں اور اساتذہ کو بڑے فخر سے سناتا ہے۔
یہ خبر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جہاں صارفین نے بچے کی ذہانت اور باریک بینی کی تعریف کی۔ کئی افراد نے تبصرہ کیا کہ آج یہ بچہ ناسا کی غلطی درست کر رہا ہے، ممکن ہے کل یہی کسی بڑے خلائی مشن کی قیادت کرتا نظر آئے۔

