Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

میاں جی اور موبائل فون

ایک زمانہ تھاجب زندگی اپنی پوری رفتار کے ساتھ مگر سکون اور وقار سے گزرتی تھی۔ جب خاندانوں کےلیےسب سے بڑی راحت یہ تھی کہ وہ اپنے بزرگوں کےگرد بیٹھیں، ان کے تجربات سنیں اوران کے کردار سے سیکھیں۔ اسی سادہ دور کے چند نمایاں چہروں میں میری تائی امّی کےنانا بھی شامل تھےجنہیں سب احترام کو ملخوظ خاطر لاتے ہوئے محبت سے ’’میاں جی‘‘ کہتےتھے۔ ان کی عمرتقریباً ایک سو آٹھ برس تھی،مگر بڑھاپے نے نہ ان کی سوچ کی چمک کو دھندلایا تھا اور نہ ان کے مزاج کی متانت کو۔ جب بھی وہ ہمارے گھر آتے تو یوں لگتاجیسےگھر میں کوئی خاموش ساتہواراُترآیا ہو۔ ہم بچے خودبخود ان کی چارپائی کے گرد فرش پر بیٹھ جاتے اور ان کی لب کشائی کا انتظار کرتے۔ ہم سوالوں کی بوچھاڑ کر دیتے۔ کچھ معقول، کچھ بالکل بچگانہ لیکن وہ کبھی نہ تھکتے اورنہ جھنجھلاتے۔ ان کا صبر بےکنارتھا، محبت بےحساب۔
جب ہم ان سے طویل عمر اور اچھی صحت کا راز پوچھتے تو وہ مسکراتے، داڑھی سہلاتے اور چند اصول دہراتے جن پر وہ پوری زندگی کاربند رہے تھے: جتنا چل سکتے ہوچلو؛ کھانا تازہ اور سادہ کھاؤ؛سالن میں زیادہ سبزیاں اورپھل کھاؤ؛جلدی سوؤ اورجلدی جاگو؛ پانچوں نمازیں کبھی نہ چھوڑو اور پھر ذرا فخر سے اضافہ کرتے کہ‘‘میں کبھی پنکھے کے نیچے ساری عمر نہیں سویا۔’’اس زمانے میں ہمیں یہ بات بھی عجیب لگتی تھی، لیکن ان کے لیے یہ ضبط و سادگی کی علامت تھی۔ وہ پرانے زمانےکےواقعات آنکھوں دیکھے گواہ کی طرح سناتے،سبق آموزحکایتیں بیان کرتےاور‘‘کامیابی کے راز’’بتاتے۔ قناعت، شکرگزاری، محنتِ راست اور اللہ پر کامل بھروسہ۔
ان دنوں تقریباً ہر گھرانہ ایسے ہی چلتا تھا۔ بزرگ صرف موجود نہیں تھے، گھرانے کی اخلاقی اور جذباتی اساس تھے۔ ان کی خدمت کو بوجھ نہیں، اعزاز سمجھا جاتا تھا۔ لوگ اپنے ماں باپ اور دادا دادی کی خدمت میں خوشی محسوس کرتے، کھانے کے بعد ان کے پاس بیٹھتے، ان کی یادیں سنتے اور نصیحتوں پر غور کرتے۔ بچوں کو محبت سے بزرگوں کے پاس بٹھایا جاتا تاکہ وہ زندگی کا سلیقہ سیکھ سکیں۔ شاید اس کی وجہ جدید توجہ بٹانے والی چیزوں کا نہ ہونا تھا، یا ہرحال میں قناعت کا رویہ، یا پھر وہ باطنی پاکیزگی جو فطرت اور دین کےقریب رہنے سے ملتی ہے مگر ایک بات طے ہے؛ گھر اس وقت ایک جیتا جاگتا ادارہ تھا، نہ کہ ایک ایسا ہوٹل جہاں ہر کوئی اپنے کمرے میں الگ پڑا رہے۔
پھر موبائل فون اور ڈیجیٹل آلات نے خاموش انقلاب برپا کر دیا۔ بظاہر یہ سہولت اور رابطہ لائے، مگر عملاً انہوں نے ہمارے رشتوں کا پورا نقشہ بدل دیا۔ آج یہ عام منظر ہے کہ ایک کمرے میں پورا خاندان بیٹھا ہے، مگر ہر شخص اپنے ہاتھ کی چھوٹی سی روشن اسکرین میں قید ہے۔ سب جسمانی طور پر ایک جگہ ہیں مگر جذباتی طور پر چار دنیاؤں میں بٹے ہوئے۔ گفتگو چند نوٹیفیکیشنز کے درمیان رُکی رُکی سی ہوتی ہے۔ ہنسی جو کبھی سب کے چہروں کو روشن کرتی تھی، اب اجنبیوں کی ویڈیوز کے لیے مخصوص ہوچکی ہے۔
ہم اکثر کہتے ہیں کہ‘‘موبائل فون دورِجدید کی ضرورت ہے’’، اور یہ کسی حد تک درست ہے۔ مگر بہت سے نوجوانوں کے لیے یہ ضرورت اب لت بن چکی ہے۔ چند گھنٹے بھی فون کے بغیر گزارنا ناقابلِ برداشت ہو جاتا ہے۔ جب کسی سکیورٹی خدشے کے باعث ایک دو دن کے لیے موبائل سروس بند ہو جائے تو یوں لگتا ہے جیسے زندگی ہی رک گئی ہو۔ لوگ گھبراہٹ میں مبتلا ہو جاتے ہیں، بے قراری بڑھ جاتی ہے، جیسے جسم کا کوئی اہم عضو چھین لیا گیا ہو۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ زہر صرف بڑوں تک محدود نہیں رہا بلکہ نرسری تک اُتر آیا ہے۔ آج یہ عام ہے کہ بچہ صرف تب کھاتا ہےجب اس کے سامنے موبائل پر کارٹون چل رہے ہوں۔ چند لمحوں کی خاموشی حاصل کرنے کے لیے مائیں بچے کے ہاتھ میں موبائل تھما دیتی ہیں، یہ سمجھتے ہوئےکہ وہ کچھ دیرگھر کے کام کر لیں گی۔ بچہ گھنٹوں تک ساکت بیٹھا رہتا ہے، نظریں منجمد، ذہن بےحس، جسم غیرمتحرک اور پھر جب وہی والدین بچے کو پکارتے ہیں تو وہ اکثر جواب نہیں دیتاکیونکہ ان کے اپنے کان ہیڈفونز میں محبوس اور ذہن انہی ڈیجیٹل مناظر میں کھویا ہوا ہوتا ہے جو کبھی انہوں نے بچے کو دکھائے تھے۔
بحثیت قوم ہم اس چھوٹے سے آلے کے یرغمال نظر آتے ہیں۔ اس نے ہمارے بیڈرومز، ڈائننگ ٹیبلز، مساجد، کلاس رومز، حتیٰ کہ جنازوں تک میں جگہ بنا لی ہے۔ اگر یہ روش جاری رہی تو مستقبل صرف بے آرام نہیں، خوفناک اور تکلیف دہ ہوگا۔ ہم ایک ایسی نسل تیار کرنے کا خطرہ مول لے رہے ہیں جو جسمانی طور پر موجود مگر جذباتی طور پر غیر حاضر ہو، دنیا سے تو جڑی ہو مگر اپنے خاندان سے کٹی ہوئی، ہر چیز کا علم رکھتی ہو مگر کسی بات کی دانائی سے محروم۔
اس مسئلے کا حل ٹیکنالوجی کے انکار میں نہیں، یہ نہ عملی ہے نہ مناسب۔ حل توازن کی بحالی اورکنٹرول کی واپسی میں ہے۔ خاندانوں کوچاہیےکہ گھروں میں’’فون فری اوقات‘‘اور’’فون فری مقامات‘‘ متعین کریں جیسے کھانےکےوقت،خاندانی نشستوں میں اور سونے سے ایک گھنٹہ پہلے۔ والدین کو سمجھنا ہوگا کہ بچے کا پہلا نمونہ کردار اسکرین پر دکھایاجانے والا کوئی ہیرو نہیں بلکہ خود والدین ہیں۔ اگر والدین فون سےچمٹے رہیں گے تو اسکرین ٹائم کم کرنے کی ہر تلقین بے اثر رہے گی۔
اسکول اور مذہبی ادارے بچوں اور والدین دونوں کو اسکرین کے بےجا استعمال کے ذہنی و جسمانی نقصانات سے آگاہ کریں توجہ کی کمزوری سے لے کر نیند کی خرابی اور رشتوں کے بکھراؤ تک۔ میڈیا اور کمیونٹی پروگراموں کو چاہیے کہ میاں جی جیسے بزرگوں کی مثالیں اجاگر کریں، یہ یاددہانی کہ صحت، طویل عمر اور سکون ہمیشہ سادگی، حرکت، میانہ روی، روحانیت اور انسانی تعلقات میں رہا ہے نہ کہ نہ ختم ہونے والی سکرولنگ اور مجازی تالیاں بجانے والوں کی تعداد میں۔
اور فرد کی سطح پر ہر شخص کو ایک سخت سوال خود سے پوچھنا ہوگا؛ مالک کون ہے اور خادم کون؟ موبائل فون ہماری خدمت کے لیے بنایا گیا تھا، نہ کہ ہمیں غلام بنانے کے لیے۔ ہمیں چھوٹے مگر مضبوط قدموں سے آغاز کرنا ہوگا۔ والدین اور بزرگوں سے بات کرتے وقت فون ایک طرف رکھ دیں۔ ان کے پاس صرف کسی ’’مسڈ کال‘‘ یا ’’واٹس ایپ پیغام‘‘کے بہانے سے نہ جائیں بلکہ حقیقی تعلق کےساتھ ملیں۔ ان کی باتیں دوبارہ سنیں، چاہےوہ بارہا سنی ہوئی ہوں۔ ایک گھنٹہ بےمقصد اسکرولنگ کے بجائے چہل قدمی کریں، کوئی اچھی کتاب کا صفحہ پڑھیں یا کسی عزیز سے بامعنی گفتگو کریں۔اگر ہم ایساکرپائیں تو شاید ہم نہ صرف اپنی آئندہ نسلوں کو بچالیں بلکہ اپنےماضی کاکچھ قیمتی حصہ بھی واپس پا لیں۔ ہم شاید میاں جی کی طرح ایک سو آٹھ برس نہ جی سکیں، مگر ضرور ایسی زندگی گزار سکتے ہیں جو محبت میں بھرپور، روح میں پرسکون اور ان اقدار سے جڑی ہو جنہوں نے کبھی ہمارے گھروں کو حقیقی کردار سازی کے مدرسے بنایا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں