Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

حکومت کا ای چالان سے متعلق بڑا اقدام!

کراچی( اوصاف نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ای چالان سسٹم کے تحت پہلا چالان معاف کردیا جاتا ہے تاہم قانون کی بار بار خلاف ورزی پر چالان ادا کرنا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے ملاقات کی جس دوران آئی جی نے وزیراعلیٰ سندھ کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر رپورٹ پیش کی۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت 35 سرکاری گاڑیوں کے چالان جاری کیے گئے ہیں، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، ریڈ لائٹس جمپ ​​کرنے، ٹنٹ شیشے اور موبائل فون استعمال کرنے والی گاڑیوں کے ای چالان جاری کیے گئے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، میں نے پہلا چالان معاف کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جو دوبارہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اسے چالان ادا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ ای چالان پہلی بار جاری ہونے کی صورت میں 10 دن کے اندر رابطہ کرکے معافی کے ساتھ فیس معاف کی جاسکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت لیاری ایکسپریس وے پر پولیس کی گاڑی کا پہلا چالان 28 اکتوبر کو جاری کیا گیا، سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر پولیس کی سرکاری گاڑی SPE-950 کا چالان کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کا جدید ای ٹکٹنگ سسٹم کارآمد ثابت ہو رہا ہے، پولیس بھی قانون سے بالاتر نہیں، تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں‌:شاداب خان انجری سے صحت یاب!دوبارہ ٹریننگ شروع

یہ بھی پڑھیں