لاہور (اوصاف نیوز) سکولوں میں ہفتے کی چھٹیوں کے حوالے سے طلباء کے لیے بڑی خوشخبری ہے، اب ہفتے میں دو چھٹیوں سے طلباء مستفید ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنر سکولوں کے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیوں کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ہفتے کی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔
پہلے پی ای ایف کے سکولوں میں صرف اتوار کی چھٹی ہوتی تھی لیکن اب طلباء کو ہفتے میں دو چھٹیوں کا فائدہ ہوگا۔
پی ای ایف کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے نئے اوقات کار صبح 8:45 سے دوپہر 1:30 بجے تک ہوں گے، جب کہ جمعے کو کلاسز 12:30 بجے ختم ہوں گی۔ نیا شیڈول 15 اپریل 2026 تک نافذ العمل رہے گا۔
گزشتہ ماہ محکمہ سکول ایجوکیشن نے سموگ کی شدت کے پیش نظر صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے تھے۔
سرکاری اعلان کے مطابق، اسکول پیر سے جمعرات صبح 8:45 سے دوپہر 1:30 تک اور جمعہ کو صبح 8:45 سے دوپہر 12:30 تک چلیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا تھا کہ سموگ کی خراب صورتحال کے پیش نظر طلباء کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی ضروری ہے۔
ادھر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارت سے آنے والی ہوائیں لاہور میں آلودگی کی سطح میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سموگ کو کم کرنے اور عوام کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔
واضح رہے کہ وسطی پنجاب کے کئی اضلاع بالخصوص لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے جس کے باعث کھلی فضا میں سانس لینا بھی غیر صحت بخش ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں:یکم سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی پر پابندی عائد




