Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

ای سی سی نے فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دیدی

اسلام آباد (اوصاف نیوز) ای سی سی نے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر آئی ٹی شازہ فاطمہ خواجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ حکومت اس سفر کو مزید تیز کر رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سپیکٹرم مالیاتی اور ڈیجیٹل شمولیت میں بہت بڑا کردار ادا کرتا ہے جب کہ جس سپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہو سکی وہ ایک لحاظ سے ملک کے لیے مالیاتی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے منگل کو ہونے والے اپنے اجلاس میں سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی نے نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس (نیرا) کے نام سے ایک کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کیں، نیرا نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی نگرانی میں شراکت داروں کے ساتھ تفصیل سے رابطہ کیا اور ماضی میں قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی سپیکٹرم نیلامیوں کا جائزہ لیا۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ سپیکٹرم کی نیلامی کے عمل میں تمام بین الاقوامی معیارات کو مدنظر رکھا گیا اور اسی بنیاد پر سپیکٹرم کی قیمت، ادائیگی کی شرائط اور نیلامی کے ڈیزائن کے حوالے سے سفارشات دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سفارشات پر پہلے پاکستان کے نقطہ نظر سے غور کیا گیا اور آگے بڑھایا گیا جس کے بعد آج اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ان سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔
مزید پڑھیں‌:چوہدری اسلم کے بیٹے کا نکاح۔۔ دلہن کون ہے؟ رنگا رنگ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل

یہ بھی پڑھیں