پشاور (اوصاف نیوز)پاکستان کے ممتاز روحانی رہنما، جید عالمِ دین اور شیخُ الحدیث حضرت مولانا مفتی سید مختار الدین شاہؒ انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے دینی و روحانی خدمات انجام دے رہے تھے۔
حضرت مولانا مفتی سید مختار الدین شاہؒ 1950ء میں پیدا ہوئے۔ آپ جامعہ زکریا دارالامان کربوغہ شریف (ضلع ہنگو) میں شیخُ الحدیث کے منصب پر فائز رہے جبکہ وفاقُ المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست کی حیثیت سے بھی آپ نے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔
آپ کی روحانی تربیت عظیم محدث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ کے زیرِ سایہ ہوئی، جن کے آپ خلیفۂ مجاز تھے۔ دینی تحریکوں کی سرپرستی، اصلاحِ امت، تزکیۂ نفس اور دینی بیداری کے لیے آپ کی خدمات نمایاں رہیں۔ کربوغہ شریف میں قائم آپ کی خانقاہ علم و روحانیت کا مرکز رہی، جہاں ملک اور بیرونِ ملک سے لوگ اصلاح و تربیت کے لیے آتے رہے۔
مرحوم کے نمایاں تلامذہ اور عقیدت مندوں میں سید عدنان کاکاخیل، معروف قومی کرکٹر محمد رضوان اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے قدیم فاضل و معروف علمی و روحانی شخصیت حضرت مولانا سعید اللہ شاہ سمیت متعدد شخصیات شامل ہیں۔
مرحوم کی پوری زندگی سنتِ نبوی ﷺ کے فروغ، اتحادِ امت اور اسلامی معاشرے کی تعمیر کے لیے وقف رہی۔ ان کی دینی و علمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ 30 دسمبر بروز منگل دوپہر 2 بجے مرکز الایمان، کربوغہ شریف، ضلع ہنگو، خیبر پختونخوا میں ادا کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان تنازع سامنے آگیا



