اسلام آباد (رضوان عباسی ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین نشستوں سے متعلق معاملہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے اس حوالے سے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے نو رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد سیاسی اور قانونی حلقوں میں خاصی ہلچل دیکھی جا رہی ہے۔ کمیٹی میں پونچھ سے تعلق رکھنے والے تین نمائندوں کی شمولیت کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی میں وفاقی حکومت، آزاد کشمیر حکومت اور ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے وزارتِ قانون و انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری، قانونی مشیر اور کنسلٹنٹ کو کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے، جو آئینی اور قانونی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے۔
آزاد کشمیر حکومت کی نمائندگی وزیر قانون میاں عبدالوحید کر رہے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنما اور معروف قانون دان سردار طاہر انور ایڈووکیٹ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ اسی طرح پیپلز پارٹی لائر ونگ کے جنرل سیکرٹری راجہ اعجاز احمد ایڈووکیٹ کو بھی کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔
ایکشن کمیٹی کی جانب سے راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ، سردار ارباب ایڈووکیٹ اور سعد انصاری ایڈووکیٹ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ سردار ارباب اور سعد انصاری کا تعلق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے دو مختلف گروپوں سے بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نو رکنی کمیٹی میں شامل تین اراکین کا تعلق پونچھ سے ہے، جسے علاقائی نمائندگی کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کمیٹی آنے والے دنوں میں مہاجرین نشستوں کے حوالے سے ایک تاریخی فیصلہ کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:حق و سچ کی آوازاٹھانے کی سزا،اے بی این نیوز کے سینئر رپورٹر کے گرد گھیرا تنگ، سینیٹر فیصل سلیم رحمان کی کارروائی



