اسلام آباد(اوصاف نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی وفد نے انہیں بنگلا دیش میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کرنے سے زبردستی روکنے کی کوشش کی۔
ایاز صادق نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران حالیہ دورہ بنگلا دیش اور بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کے حوالے سے تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان، مالدیپ، نیپال اور بھوٹان کے وفود کو ایک بس میں جنازہ گاہ لایا گیا تھا۔ بس میں بھارتی وزیر خارجہ اور ہائی کمشنر بھی موجود تھے، اور انہوں نے بس کے شیشوں پر پردے لگا رکھے تھے تاکہ لوگوں سے بچا جا سکے۔
ایاز صادق نے کہا کہ جیسے ہی بس جنازہ گاہ پہنچی، بھارتی ہائی کمشنر نے دروازہ بند کر کے انہیں نیچے اُترنے سے روکا، اور کہا کہ وہاں رش ہے، آپ کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ تاہم، ایاز صادق نے بھارتی ہائی کمشنر سے دروازہ کھولنے کی درخواست کی اور غصے میں کہا کہ “دروازہ کھولو”۔ جب دروازہ کھلا، تو ایاز صادق نیپال اور مالدیپ کے وفود کے ہمراہ جنازہ گاہ میں داخل ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی وزیر خارجہ اور ہائی کمشنر جنازہ گاہ میں نہیں گئے، کیونکہ ان کی پوری کوشش تھی کہ ایاز صادق جنازے میں شرکت نہ کر سکیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف کا احتجاجی شیڈل جاری کردیا ،دمادم مست قلندر ہو گا


