Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

نسیم شاہ پر جرمانہ عائد،وجہ کیا بنی؟

اسلام آباد (اوصاف نیوز)انٹرنیشنل لیگ ٹی20 (آئی ایل ٹی20) کے فائنل میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

آئی ایل ٹی20 کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق نسیم شاہ نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کی، جو کسی بیٹر کو آؤٹ کرنے کے بعد توہین آمیز الفاظ، حرکات یا اشاروں کے استعمال سے متعلق ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ فائنل میچ کے 11ویں اوور میں پیش آیا، جب نسیم شاہ اور ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار آل راؤنڈر کیرن پولارڈ کے درمیان تکرار دیکھنے میں آئی۔

اوور کے دوران نسیم شاہ نے نامناسب ردعمل کا مظاہرہ کیا، جسے میچ آفیشلز نے کھیل کے ضابطوں کے منافی قرار دیا۔

آئی ایل ٹی20 انتظامیہ کے مطابق نسیم شاہ نے اپنی غلطی تسلیم کرلی، جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی اور جرمانہ فوری طور پر نافذ کردیا گیا۔

کرکٹ حلقوں میں اس واقعے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض شائقین کا کہنا ہے کہ فائنل جیسے بڑے میچ میں جذبات پر قابو رکھنا ضروری ہوتا ہے، جبکہ کچھ مبصرین کے مطابق میدان میں گرما گرمی مقابلے کا حصہ ہوتی ہے، تاہم ضابطہ اخلاق کی پابندی ہر حال میں لازم ہے۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ اپنی تیز رفتار بولنگ اور جارحانہ انداز کے باعث جانے جاتے ہیں اور آئی ایل ٹی20 میں ان کی کارکردگی مجموعی طور پر متاثرکن رہی۔ تاہم فائنل جیسے اہم موقع پر اس واقعے نے ان کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط کے پہلو کو بھی نمایاں کردیا۔

آئی ایل ٹی20 حکام نے تمام کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کھیل کے دوران پیشہ ورانہ رویہ اپنائیں اور آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں تاکہ لیگ کا مثبت تشخص برقرار رہے۔
مزید پڑھیں:بنوں میں پی ٹی آئی رہنما کے دفتر کے باہر دھماکہ، گاڑی مکمل تباہ

یہ بھی پڑھیں