کراچی (اوصاف نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری نے پاکستان کے پہلے فیری ٹرمینل کا افتتاح کردیا۔
پاکستان نے اپنی تاریخ میں اپنی پہلی فیری سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جو کہ بحری تجارت کو مضبوط بنانے اور ملک کی نیلی معیشت کو فروغ دینے کے لیے ایک تاریخی قدم ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری نے کراچی میں نئے فیری ٹرمینل کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور اسے ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز اور بڑی کامیابی قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنید انور چوہدری نے کہا کہ سات ماہ قبل جب انہوں نے وزارت کا چارج سنبھالا تو بندرگاہوں کے شعبے کو کئی مسائل کا سامنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے بندرگاہوں کو بہتر بنانے اور میری ٹائم سیکٹر کو مضبوط کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے اور فیری سروس ہمیشہ میرے ذہن میں رہتی ہے۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ ماضی میں شروع کیے گئے منصوبے برسوں تک تعطل کا شکار رہے اور لائسنس جاری نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال کی تاخیر کے بعد ہماری ٹیم نے صرف سات دنوں میں پاکستان کا پہلا فیری لائسنس جاری کیا جس سے تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا۔
وفاقی وزیر نے مزید اعلان کیا کہ فیری سروس کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا اور جلد ہی مزید تین سے چار آپریٹرز اس شعبے میں شامل ہوں گے جس سے پاکستان کی ساحلی پٹی پر رابطوں اور تجارت کے مواقع بڑھیں گے۔
مزید پڑھیں:درجنوں پولیس اہلکار معطل کر دیے گئے
