Search
Close this search box.
جمعه ,03 جولائی ,2026ء

ریسکیو 1122 کا سرمائی سیزن ایمرجنسی کور پلان تیار

راولپنڈی (اوصاف نیوز) پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 مری نے موسم سرما کے ایمرجنسی کور پلان کے تحت ضلع مری میں اپنی امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز اور موثر بنا دیا ہے۔ شدید سردی، برف باری اور سیاحوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ریسکیو 1122 مری کی ٹیمیں روڈ ٹریفک حادثات، میڈیکل ایمرجنسی اور دیگر ہنگامی صورتحال پر بروقت کارروائی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق سردیوں کے موسم میں حادثات اور میڈیکل ایمرجنسی میں اضافہ ہوتا ہے جس کے پیش نظر انتہائی نازک مریضوں کو سول ہسپتال مری سے بروقت راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

ریسکیو 1122 مری کا کنٹرول روم 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن (24/7) مکمل طور پر فعال ہے جبکہ ریلیف ہیلپ لائن 1122 پر موصول ہونے والی ہر کال پر فوری اور موثر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ریسکیو اہلکاروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 مری کے اہلکار نہ صرف پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں بلکہ خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود متاثرہ افراد کو بروقت امداد فراہم کر رہے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور موسم سرما میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ریسکیو 1122 مری محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
مزیدپپڑھیں :یٹرولیم مصنوعات 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر سستی ہونے کا امکان

یہ بھی پڑھیں