(اوصاف نیوز)ایران نے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اپنی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دی ہیں، تاہم اجازت کے ساتھ صرف بین الاقوامی پروازوں کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
ایران کی جانب سے جاری ایڈوائزری، جو ابتدائی طور پر سوا دو گھنٹے کے لیے تھی، اسے مزید تین گھنٹے کے لیے بڑھا دیا گیا ہے جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے تک مؤثر رہے گی۔
دوسری جانب ایران میں سکیورٹی خدشات کے باعث امریکا کے بعد اسپین، پولینڈ اور اٹلی نے بھی اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں فریقین حملے میں پہل نہیں کریں گے۔ واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان خفیہ پیغامات کا تبادلہ ہوا، جن میں اس بات کی ضمانت دی گئی کہ کوئی بھی فریق پہلے حملہ نہیں کرے گا، جبکہ اس عمل میں روس نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔
اسی دوران امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قطر اور عمان نے ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی مخالفت کی ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر ایران پر حملے کی صورت حال پیدا ہوتی ہے تو امریکا اپنے بمبار طیاروں کے ذریعے طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید میزائل استعمال کر سکتا ہے۔
مزیدپڑھیں:پیٹرول کی قیمت


