اسلام آباد(اوصاف نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے واضح کیا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے احتجاج کی کال بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے نہیں بلکہ اپوزیشن اتحاد کی طرف سے دی گئی ہے۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے۔ کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عدلیہ کی آزادی کے لیے پرامن احتجاج کی ہدایت دی تھی۔ تاہم آواز اٹھانے والوں کو ہی جیلوں میں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ اور انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ لوگ ان کے لیے باہر نکلیں۔ اگر عدالتوں سے انصاف مل رہا ہوتا تو آج عمران خان کی یہ صورتحال نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر قرآن خوانی کو بھی جرم قرار دیا جا رہا ہے۔ اور عدلیہ کی آزادی کے لیے نکلنے والے افراد کو ہی جیل میں ڈالا جا رہا ہے۔
علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو غیر قانونی طور پر قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات جب وہ گھر واپس جا رہی تھیں تو روات تھانے کے ایس ایچ او نے ان کے ساتھ موجود افراد کو گرفتار کیا۔ اور متعدد گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔ تین خواتین کارکنان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 8 سے زائد گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔ گاڑیاں چھڑانے کے لیے پولیس کو پیسے دینے پڑے۔
علیمہ خان نے واضح کیا کہ 8 فروری کی احتجاجی کال عمران خان کی طرف سے نہیں بلکہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:عالمی اور مقامی منڈی میں چاندی کی قیمت میں ہوشربااضافہ


