کراچی (اوصاف نیوز)سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) نے کراچی میں صنعتی صارفین کے لیے عارضی طور پر گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق سردیوں میں طلب میں غیر معمولی اضافے کے باعث گیس پریشر کو مستحکم رکھنے کے لیے گھریلو اور کمرشل صارفین کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت صنعتی صارفین، کیپٹو پاور پلانٹس اور تمام سی این جی اسٹیشنز، چاہے وہ نیچرل گیس پر ہوں یا آر ایل این جی پر، کے لیے گیس کی سپلائی 48 گھنٹے کے لیے معطل رہے گی۔
یہ معطلی ہفتہ 17 جنوری صبح 8:00 بجے سے پیر 19 جنوری صبح 8:00 بجے تک جاری رہے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے معمول کے مطابق گیس لوڈ مینجمنٹ جاری رہے گی، جس کے تحت روزانہ رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رہتی ہے۔ یہ شیڈول سردیوں کے دوران برقرار رہے گا۔
کمپنی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ معطلی کے دوران اگر گیس پریشر سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 1199 پر شکایت درج کرائیں، جہاں فوری کارروائی کی جائے گی۔
سوئی سدرن گیس نے عوام اور میڈیا سے بھی درخواست کی کہ وہ درست معلومات شیئر کریں تاکہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات سے پیدا ہونے والے ابہام اور غیر ضروری تشویش میں کمی لائی جا سکے۔
واضح رہے کہ کراچی میں سرد موسم کے باعث گیس کی قلت برقرار ہے، جہاں ہیٹنگ اور کھانا پکانے کے لیے گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:شعبان کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو کی پیشگوئی جانیں


