اسلام آباد (اوصاف نیوز) الیکٹرک بائیکس سکیم پر آسان اقساط پر عمل درآمد شروع ہو گیا، الیکٹرک بائیکس پر 80 ہزار روپے تک کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم الیکٹرک وہیکل ایڈاپشن سکیم کے تحت الیکٹرک بائیک، رکشوں اور لوڈرز کے لیے سبسڈی کی ادائیگی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
اس سکیم کے تحت رواں مالی سال میں تقریباً 9 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی جبکہ حکومت کا 2030 تک 100 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی فراہم کرنے کا ہدف ہے۔
پہلے مرحلے میں سبسڈی منظور شدہ درخواست گزاروں کو منتقل کر دی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں 41,000 برقی گاڑیوں پر سبسڈی دی جا رہی ہے جن میں 40,000 الیکٹرک بائک اور 1,000 رکشہ اور لوڈر شامل ہیں۔
سبسڈی اسٹیٹ بینک کے ذریعے براہ راست بینک کھاتوں میں منتقل کی جارہی ہے۔
الیکٹرک بائک پر 80,000 روپے تک کی سبسڈی دی جارہی ہے، اسکیم کے تحت الیکٹرک بائک اور رکشے بینک لیز اسکیم کے ذریعے آسان اقساط میں فراہم کیے جارہے ہیں۔
دوسرے مرحلے میں 78,000 سے زیادہ الیکٹرک گاڑیوں پر سبسڈی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے اور صرف رجسٹرڈ الیکٹرک گاڑیاں ہی سبسڈی کی اہل ہوں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کا مقصد سستی اور ماحول دوست سواری کو فروغ دینا اور ایندھن پر انحصار کم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:ون ڈے کرکٹ: ڈیرل مچل نے ویرات کوہلی سے نمبر ون بیٹر کا اعزاز چھین لیا
