Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

ون ڈے کرکٹ: ڈیرل مچل نے ویرات کوہلی سے نمبر ون بیٹر کا اعزاز چھین لیا

اندور(ویب ڈیسک)بھارتی شہر اندور میں کھیلے گئے فیصلہ کن ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دے کر نہ صرف سیریز اپنے نام کی بلکہ تاریخ رقم کر دی۔

اس تاریخی کامیابی کے ہیرو ڈیرل مچل رہے، جنہوں نے بیٹنگ اور فیلڈنگ دونوں شعبوں میں میچ کا پانسہ پلٹ دیا، اس کارکردگی نے انہیں آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر لا بٹھایا ہے۔

میچ کے آخری لمحات میں جب ویرات کوہلی کا اونچا شاٹ لانگ آن باؤنڈری کی جانب گیا تو وہاں موجود ڈیرل مچل نے پُراعتماد انداز میں کیچ تھام کر بھارت کی آخری امید بھی ختم کر دی۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کی سیریز جیت کی امیدیں مکمل طور پر مچل کے ہاتھوں میں تھیں، اور انہوں نے ایک لمحے کی لغزش کے بغیر اپنی ذمہ داری نبھائی۔


اس سے قبل مچل نے بیٹنگ میں شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 131 گیندوں پر 137 رنز اسکور کیے، جو ان کی ون ڈے کیریئر کی 9ویں سینچری تھی۔

اس سینچری کے ساتھ ہی وہ صرف 54 اننگز میں 9 ون ڈے سینچریاں بنانے والے دنیا کے چوتھے تیز ترین بلے باز بن گئے۔

اس فہرست میں ان سے آگے صرف امام الحق، ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک شامل ہیں۔

سیریز میں ڈیرل مچل نے مجموعی طور پر 352 رنز اسکور کیے، جو کسی بھی 3 میچوں کی ون ڈے سیریز میں کسی نیوزی لینڈ کے بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور ہے۔

مجموعی طور پر یہ ریکارڈ تاریخ کا تیسرا بڑا اسکور ہے، جس سے آگے صرف بابر اعظم اور شبمن گل ہیں۔

بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 108 گیندوں پر 124 رنز بنائے، تاہم ان کی یہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
ڈیرل مچل کی کارکردگی نے کوہلی کی سینچری کو بھی پس منظر میں دھکیل دیا۔

اس شاندار سیریز کے بعد آئی سی سی کی تازہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ڈیرل مچل 845 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے، جبکہ ویرات کوہلی 795 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ ڈیرک مچل ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست آئے ہیں۔

ڈیرل مچل کی کہانی جدوجہد، مستقل مزاجی اور محنت کی ایک شاندار مثال ہے۔

28 سال کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کرنے والے اس کھلاڑی نے ثابت کر دیا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، آج وہ عالمی کرکٹ میں اپنی مضبوط شناخت قائم کر چکے ہیں۔
70 مزید پڑھیں:سال کی عمر میں پہلا وی لاگ، چند گھنٹوں میں 22 ملین ویوز نے سب کو حیران کردیا

یہ بھی پڑھیں