اسلام آباد (اوصاف نیوز)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کراچی کے ایک اور ضلع میں یونین کونسل کے آن لائن اندراج کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت شہری گھر بیٹھے اہم سول رجسٹریشن خدمات حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق شہری پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کا آن لائن اندراج کروا سکتے ہیں اور مطلوبہ دستاویزات مکمل کرنے کے بعد متعلقہ سرٹیفکیٹس گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ سہولت اب کراچی ویسٹ سمیت سندھ کے 10 اضلاع میں دستیاب ہے، جن میں کراچی شرقی، کراچی وسطی، نوشہرو فیروز، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہیار شامل ہیں۔
نادرا کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع اور بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں بھی یہ سہولت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر کام جاری ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ جلد یہ سہولت پورے پاکستان میں دستیاب ہوگی، جس سے شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں موسم کی نئی اپ ڈیٹ،شہری ہو جائیں تیار


