Search
Close this search box.
پیر ,22 جون ,2026ء

لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

لاہور(اوصاف نیوز)لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے جو صوبے میں انتظامی اور شہری حکمرانی کی اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جہاں اس بات پر اتفاق ہوا کہ بسنت کے بعد لاہور کی انتظامی تنظیمِ نو کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کے دباؤ کو کم کرنا اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانا ہے۔

نئے نظام کے تحت لاہور دو علیحدہ اضلاع کے طور پر کام کرے گا جن کے اپنے الگ انتظامی ڈھانچے ہوں گے، ڈپٹی کمشنرز، پولیس نظام اور بلدیاتی ادارے الگ الگ کام کریں گے تاکہ بہتر ہم آہنگی اور تیز رفتار فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق لاہور کی انتظامی حدود ازسرِنو متعین کی جائیں گی تاکہ شہری سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا سکے، اس تقسیم سے ٹریفک جام، تجاوزات، صفائی اور بلدیاتی نظم و نسق جیسے دیرینہ مسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں حل کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ کی ہدایات کے بعد متعلقہ محکموں کو تمام تیاریوں کو جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، مریم نواز نے انتظامی عمل کو آج ہی حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ 9 فروری کو ایک اور جائزہ اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ منصوبے کے اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ فیصلہ مکمل طور پر انتظامی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد عوامی سہولت ہے نہ کہ سیاسی مفادات، انہوں نے زور دیا کہ دو اضلاع کے قیام سے نظامِ حکمرانی تیز، شفاف اور عوام کے قریب ہو جائے گا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے بڑے شہروں کے لیے جدید طرزِ حکمرانی کے ماڈلز متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ فوری ریلیف اور طویل المدتی شہری بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں:پشاور: صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کے گھر پر ہینڈ گرنیڈ حملہ

یہ بھی پڑھیں