Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

پاکستانی مارکیٹ میں کم قیمت ہائبرڈ ایس یو وی جیکو جے فائیو لانچ

اسلام آباد (اوصاف نیوز) چینی ہائبرڈ ایس یو وی جیکو جے فائیو کو پاکستانی مارکیٹ میں باضابطہ طور پر لانچ کر دیا گیا ہے، جس نے کم قیمت کے باعث صارفین اور آٹو انڈسٹری کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ جیکو جے فائیو کو منشا گروپ کی ملکیت نشاط موٹرز نے متعارف کرایا ہے، جبکہ اس سیگمنٹ میں موجود دیگر گاڑیوں کے مقابلے میں اس کی قیمت نمایاں طور پر کم رکھی گئی ہے۔

نشاط موٹرز نے جیکو جے فائیو کے دو ویریئنٹس متعارف کرائے ہیں، جن میں کمفرٹ ویریئنٹ کی قیمت 66 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ پریمیم ویریئنٹ کی قیمت 76 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس قیمت کے ساتھ جیکو جے فائیو اس وقت پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب سب سے سستی ہائبرڈ الیکٹرک ایس یو وی بن گئی ہے۔

جیکو جے فائیو کا شمار بی سیگمنٹ ایس یو ویز میں ہوتا ہے، تاہم آٹو ایکسپرٹس کے مطابق اس کا سائز روایتی بی سیگمنٹ گاڑیوں کے مقابلے میں قدرے بڑا ہے۔ پاک ویلز کے سنیل مانج کے مطابق جیکو جے فائیو کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ دیگر بی سیگمنٹ ایس یو ویز سے زیادہ کشادہ محسوس ہوتی ہے۔

جیکو جے فائیو کی لانچ کے بعد آٹو مارکیٹ میں کئی سوالات بھی جنم لے رہے ہیں، جن میں سب سے اہم یہ ہے کہ نشاط موٹرز کس طرح اپنے حریفوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم قیمت پر گاڑی فراہم کر رہی ہے اور آیا یہ حکمت عملی طویل مدت میں پائیدار ثابت ہو سکے گی یا نہیں۔

پاکستانی مارکیٹ میں اس سیگمنٹ میں جیکو جے فائیو کے قریبی حریفوں میں ہیول جولین ہائبرڈ شامل ہے، جس کی قیمت جیکو جے فائیو سے تقریباً 25 لاکھ روپے زیادہ ہے۔ اسی طرح ٹویوٹا کرولا کراس اور ہونڈا ایچ آر وی کی قیمتیں بالترتیب 85 لاکھ روپے اور 89 لاکھ روپے ہیں، جبکہ جیکو جے فائیو کے کمفرٹ ویریئنٹ کی قیمت اسے سیڈان کیٹیگری کی گاڑیوں کے پرائس رینج میں بھی شامل کر دیتی ہے۔
مزید پڑھیں‌:چیونٹیاں خطرناک ریڈی ایشن میں بھی کیسے زندہ رہتی ہیں؟ حیرت انگیز انکشاف

یہ بھی پڑھیں