Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

انتشار اور دباؤ کی سیاست ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے،شمائلہ رانا

اسلام آباد (اوصاف نیوز) رہنما پاکستان تحریکِ انصاف امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کسی قسم کا کمپرومائز اور دہشت گردی کی حمایت ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو دہشت گردی کو سپورٹ کرے وہ پاکستانی نہیں کہلا سکتا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عوامی نمائندوں، مقامی عمائدین اور صوبائی حکومت کو اعتماد میں لینا ضروری ہے اور اس حوالے سے تجاویز وفاق کو ارسال کی گئیں، تاہم بدقسمتی سے وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکام رہی۔

اے بی این کے پروگرام ’’تجزیہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے امجد خان نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی آج چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موجود ہے، جبکہ پی ڈی ایم علاقائی جماعتوں کا مجموعہ بن چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام جانتے ہیں الیکشن کیسے ہوئے اور اگر شفاف انتخابات ہوں تو اصل عوامی فیصلہ سامنے آ جائے گا۔ ان کے مطابق 9 مئی کے واقعات کا فائدہ پی ڈی ایم حکومت کو ہوا اور پی ٹی آئی کبھی ملک کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کا سوچ بھی نہیں سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد جمہوریت، آزاد میڈیا اور عوامی حقوق کے لیے ہے، جبکہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے۔ عالمی اداروں کے مطابق موجودہ سیاسی و معاشی نظام ڈیلیور کرنے میں ناکام ہو چکا ہے جو حکومت کے خلاف بڑی چارج شیٹ ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی رہنما شمائلہ رانا نے کہا کہ سیکیورٹی امور پر بات چیت کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کو 12 بار خطوط لکھے گئے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا مقابلہ وفاق اکیلا نہیں کر سکتا اور صوبوں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ہمیشہ مشترکہ حکمت عملی پر زور دیتی رہی ہے۔

شمائلہ رانا نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردی جیسے سنجیدہ مسئلے کو بعض حلقے سیاسی رنگ دے رہے ہیں اور آپریشن و نقل مکانی کے بیانیے کو جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی دباؤ کے بعد سیاسی مؤقف بدلا گیا اور اب ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ دہشت گردی قومی چیلنج ہے، اسے سیاسی نعرہ نہیں بنانا چاہیے۔ ریاست کی اولین ذمہ داری عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے تعلیمی بحران، بند ہوتی یونیورسٹیز اور نوجوانوں کے غیر محفوظ مستقبل پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

شمائلہ رانا کے مطابق انتشار اور دباؤ کی سیاست ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے، جمہوری ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کو جمہوری رویہ بھی اپنانا ہوگا۔ ووٹ نعروں پر نہیں بلکہ کارکردگی پر ملتا ہے اور سیاسی بلوغت کا تقاضا سنجیدہ اور ذمہ دار سیاست ہے۔
مزید پڑھٰیں‌:ڈاکٹر منور اقبال کمبوہ PPIB کے ایم ڈی مقرر

یہ بھی پڑھیں