اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یوٹیوب نے رواں سال مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بنائے گئے کم معیار کے مواد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 ٹاپ اے آئی چینلز ڈیلیٹ کر دیے ہیں۔ یوٹیوب کی جانب سے یہ اقدام پلیٹ فارم پر مواد کے معیار کو بہتر بنانے اور اسپیم پر مبنی خودکار چینلز کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
آن لائن ویڈیو پلیٹ فارم کیپ وِنگ (Kapwing) کی تازہ رپورٹ کے مطابق حذف کیے گئے چینلز مجموعی طور پر 4 ارب 70 کروڑ سے زائد ویوز اور 3 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز رکھتے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ چینلز زیادہ تر خودکار آوازوں، بار بار استعمال کی جانے والی ویڈیوز اور ایک جیسے موضوعات پر مبنی مواد شائع کر رہے تھے۔
کیپ وِنگ نے نومبر 2025 میں پہلی بار ان چینلز کی نشان دہی کی تھی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے چلنے والے سب سے زیادہ سبسکرائب شدہ 100 غیر معیاری اکاؤنٹس کی فہرست جاری کی تھی۔ اس رپورٹ کے بعد فہرست میں شامل 16 چینلز کو یا تو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا یا ان کی تمام ویڈیوز حذف کر دی گئیں۔
اندازوں کے مطابق یہ چینلز سالانہ تقریباً ایک کروڑ امریکی ڈالر کی آمدن حاصل کر رہے تھے۔ متاثرہ چینلز میں اینی میٹڈ نقل شدہ ویڈیوز، مذہبی کہانیوں کے مسلسل سلسلے اور وائرل طرز کی خودکار ویڈیوز بنانے والے اکاؤنٹس شامل ہیں۔ بعض اکاؤنٹس اب بھی یوٹیوب پر موجود ہیں تاہم ان پر کوئی ویڈیو دستیاب نہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کارروائی مخصوص مواد کو نشانہ بنا کر کی گئی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو نیل موہن نے اعلان کیا تھا کہ کمپنی دہرائے جانے والے، کم محنت سے تیار کردہ اور فریب دہی پر مبنی اے آئی مواد کے خلاف اقدامات مزید سخت کر رہی ہے۔
7 اسٹیج اداکاروں پر بڑی پابندی عائدمزید پڑھیں:
