دبئی (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی اوپننگ بلے باز صائم ایوب نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کی بدولت مردوں کی ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق 23 سالہ صائم ایوب نے زمبابوے کے تجربہ کار کھلاڑی سکندر رضا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں صائم ایوب نے 119 رنز بنائے اور تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ دیگر پاکستانی کھلاڑی بھی تازہ ترین رینکنگ سے مستفید ہوئے ہیں۔ اسپنر ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں دو درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں اور وہ پہلی پوزیشن پر صرف 28 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔
محمد نواز بھی پانچ وکٹیں لینے کے بعد باؤلرز کی فہرست میں آٹھ درجے ترقی کر کے ساتویں نمبر پر آ گئے جبکہ وہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ایک درجہ ترقی کر کے چوتھے نمبر پر آ گئے۔ شاہین شاہ آفریدی بھی پانچ درجے بہتری کے ساتھ 19ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
دوسری جانب صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے بیٹنگ رینکنگ میں نمایاں ترقی کی ہے۔ صائم ایوب 8 درجے بہتری کے ساتھ 27 ویں اور سلمان علی آغا 12 درجے بہتری کے ساتھ 29 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
تاہم صاحبزادہ فرحان آسٹریلیا کے خلاف تسلی بخش کارکردگی نہ دکھا سکے اور دو درجے تنزلی سے ساتویں نمبر پر آگئے۔
مزید پڑھیں:فواد چوہدری کو فراڈ کیس میں بڑا ریلیف مل گیا


