اسلام آباد (اوصاف نیوز) سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج 2026 کے ویزوں کا اجرا 8 فروری سے شروع ہوگا۔
وزارت کے مطابق ویزوں کے اجراء کا یہ عمل معمول سے پہلے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد حج انتظامات کو بروقت مکمل کرنا اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
وزارت نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات کے معاہدوں کا 100 فیصد مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مکہ مکرمہ میں رہائش سے متعلق تمام معاہدے ناسک پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل ہو چکے ہیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق اب تک 750,000 عازمین کی رجسٹریشن ہو چکی ہے جب کہ 30,000 عازمین نے اپنے اپنے ممالک سے براہ راست حج پیکج بک کرائے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ اس ابتدائی مرحلے میں ویزوں کا اجراء حج کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے، جس سے انتظامات کو ہموار کرنے اور دنیا بھر سے لاکھوں عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
مزیدپڑھیں:ریٹائرمنٹ یا سلیکشن؟ شعیب ملک نے سب کچھ واضح کر دیا


