Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

بڑی سیاسی شخصیت کی پیپلز پارٹی میں شمولیت، جانیں کون شامل ہوا

اسلام آباد (اوصاف نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں گلگت بلتستان کے سابق وزراء اور سیاسی رہنماؤں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ پی پی پی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے شمولیتی تقریب میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر نیئر بخاری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں موسم کی خرابی کے باعث انتخابی شیڈول ملتوی کیا گیا تاہم عوام کا جمہوری عمل پر اعتماد برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کے لیے انقلابی اقدامات کیے جن میں پیٹرول اور گندم کی قیمتوں کے حوالے سے تاریخی فیصلے بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آج بھی بھٹو خاندان سے عقیدت رکھتے ہیں اور انہیں بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری پر مکمل اعتماد ہے۔

تقریب کے دوران گلگت بلتستان کے سابق وزیر مشتاق حسین نے پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2020 کے انتخابات میں آزاد حیثیت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے تاہم پیپلز پارٹی سے تین دہائیوں کی وابستگی کے بعد آج پارٹی میں واپس آئے ہیں۔ مشتاق حسین نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں گلگت بلتستان کا وزیر اعلیٰ پیپلز پارٹی کا ہو گا اور پارٹی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔

اس کے علاوہ سابق سرکاری ملازمین اور سابق ایس پی عبدالخالق نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے اور اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کے پاس جانا چاہیے۔

تقریب میں پی ٹی آئی حکومت پر 2020 کے انتخابات میں دھاندلی کا براہ راست الزام بھی لگایا گیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں‌:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹاپ سکورنگ بیٹر کا اعزاز کس کے سر؟

یہ بھی پڑھیں