کوٹلی ستیاں (اوصاف نیوز)ایم پی اےبلال یامین ستی نے پنجاب اسمبلی میں عبدالمعیز قتل کیس کا معاملہ اٹھا دیا۔پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس جمع۔
اسمبلی کے اگلے اجلاس میں پولیس کو ملزمان کی گرفتاری اور کیس کے پیش رفت پر رپورٹ پیش کرنا ہو گی۔
صوبائی دارالحکومت میں ہونے والے عبدالمعیز قتل کیس کا معاملہ صوبائی اسمبلی میں گونج اٹھا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی بلال یامین ستی نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران نکتۂ اعتراض پر بات کرتے ہوئے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
بلال یامین ستی نے ایوان کو بتایا کہ عبدالمعیز کے قتل کے واقعے نے عوام میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے اور متاثرہ خاندان انصاف کا منتظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف قانون کی عملداری پر سوال اٹھاتے ہیں بلکہ معاشرتی تحفظ کے نظام کو بھی چیلنج کرتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
رکن اسمبلی نے متعلقہ اداروں سے پیش رفت رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کی بھی درخواست کی تاکہ عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انصاف کی فراہمی میں تاخیر ہوئی تو اس سے عوام کا اعتماد مزید مجروح ہوگا۔
اجلاس کے دوران دیگر اراکین نے بھی واقعے پر اظہارِ تشویش کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ قتل کے اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ حکومتی نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ کیس کی تحقیقات میرٹ اور قانون کے مطابق جاری ہیں اور جلد پیش رفت سامنے لائی جائے گی۔
عبدالمعیز قتل کیس اس وقت عوامی اور سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، جبکہ متاثرہ خاندان اور شہری حلقے شفاف تحقیقات اور فوری انصاف کے منتظر ہیں۔
مزید پڑھیں: طالبان پابندیوں کی نگرانی میں ایک سال کی توسیع کردی گئی


