اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کر دی گئی جس کے بعد مختلف کیٹیگریز میں دلچسپ تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کے صائم ایوب ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں، جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ نیپال کے دیپندرا سنگھ ایری دو درجے ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی چار درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے محمد نواز دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
بیٹرز کی درجہ بندی میں بھارت کے ابھیشک شرما نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ سری لنکا کے پاتھم نسانکا تین درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ بھارت کے تلک ورما ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان دو درجے تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر چلے گئے۔ بھارت کے ایشان کشن 17 درجے ترقی کے بعد آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں بھارت کے ورن چکرورتھی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ افغانستان کے راشد خان ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ پاکستان کے ابرار احمد ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ زمبابوے کے بریڈ ایونز دس درجے ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، جبکہ محمد نواز دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
نئی رینکنگ کے اجرا کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ مزید سخت ہو گیا ہے اور آئندہ سیریز میں پوزیشنز برقرار رکھنے کے لیے سخت جدوجہد متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:راولپنڈی میں افسوسناک ٹریفک حادثہ، تین بیٹیوں سمیت والدہ جاں بحق، ماموں زخمی


