لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں جاری مالیاتی دباؤ اور حکومتی کفایت شعاری مہم کے پیش نظر رعایتی پالیسی کو یکساں اور منظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف کمرشل منیجر آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی ہدایات پر تمام مراعات پر زیادہ سے زیادہ حد پچاس فیصد مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صحافیوں کو دی جانے والی رعایت جو پہلے اسی فیصد تک تھی اب اسے کم کر کے پچاس فیصد کر دی گئی ہے جس کا اطلاق ایک سال میں دس سنگل سفروں پر ہو گا۔
یہ سہولت تمام ٹرینوں اور کلاسز پر دستیاب ہوگی تاہم گرین لائن، پاک بزنس، شاہ حسین ایکسپریس اور آؤٹ سورس ٹرینیں اس رعایت سے مستثنیٰ ہوں گی۔
صحافیوں کی شریک حیات کو دی جانے والی پچاس فیصد رعایت کو فوری طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق اس پالیسی کا مقصد تمام مستحق افراد کے ساتھ یکساں سلوک کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ امتیاز کو ختم کرنا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ رعایتی پالیسی کے دیگر تمام شرائط و ضوابط نافذ العمل رہیں گے۔ ان فیصلوں کا نفاذ پاکستان ریلویز کے سی ای او/سینئر جنرل منیجر کی منظوری سے کیا گیا۔
مزید پڑھیں:کوریا میں ملازمت کے لیے پاکستانیوں کو کیسی تیاری کرنی چاہیے؟تفصیلات جانیں !


